کراچی (عبدالماجدبھٹی) بھارتی میڈیا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے تعمیراتی کام پر منفی پروپیگنڈہ کررہا ہے۔ ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم دو فروری کو تیار ہوجائے گا، اسٹیٹ آف دی آرٹ یہ گراؤنڈ دنیا کو پاکستانی کرکٹ کا نیا چہرہ دکھائیں گے۔ سہ فریقی ٹورنامنٹ کیلئے پاکستانی ٹیم چار فروری سے پریکٹس شروع کرے گی جبکہ کراچی کا اسٹیڈیم پانچ فروری کو پی سی بی کو مل جائے گا۔ پی سی بی ترجمان نے گراؤنڈز کی تیاری کے حوالے سے منفی خبروں کو پاکستان مخالف پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی ذاتی کوششوں اور گہری دلچسپی کے سبب تعمیراتی کام اور تزئین اور آرائش صرف پانچ ماہ کی ریکارڈ مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچ رہی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم کو پیشہ ورانہ انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ شائقین، میڈیا، کھلاڑی اور آفیشلز کھیل کے ایک ایک لمحے سے بھرپور انداز میں لطف اٹھاسکیں۔ کرسیوں کی تنصیب کا کام آخری مرحلے میں ہے۔ ایک ڈیجیٹل اسکرین کا کام مکمل، دوسری بھی چند روز میں مکمل ہوجائے گی۔ فلڈ لائٹس ٹاورز اب نئے بلب کے ساتھ روشن ہونگے، جدید ایل ای ڈی لائٹس لگا دی گئی ہیں ، اہم معرکوں کے دوران تماشائی لائٹ شو سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔ لائٹس ٹیسٹنگ کے دوران قذافی اسٹیڈیم سرخ روشنی میں نہا گیا اور انتہائی دلکش منظر پیش کرتا رہا۔ امید ہے کہ آئندہ دس روز میں تمام کام مکمل ہوجانے کے بعد اسٹیڈیم پی سی بی انتظامیہ کے حوالے کردیا جائے گا ۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی اسٹیڈیم پاکستان ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی سہ فریقی سیریز کے میچوں کی میزبانی بھی کرے گا۔ یہاں چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ 22 فروری کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایک سیمی فائنل اور ممکنہ طور پر فائنل بھی اسی گراونڈ میں ہوگا۔ ادھر بورڈ کے فیصلے کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں قائد انکلوژرکو شاہد آفریدی، ماجد خان انکلوژر کو یونس خان انکلوژر اور موجودہ ظہیر عباس انکلوژر کو نذر محمد انکلوژر کردیا جائے گا۔ 1050 کی گنجائش والے ان 2 انکلوژرز کو ماجد خان اور ظہیر عباس انکلوژر کا نام دیا جائے گا، حنیف محمد اور فضل محمود انکلوژر کی جگہیں بھی تبدیل کی جا رہی ہیں۔ نئی بلڈنگ میں 2 نئے وی وی آئی پی انکلوژر بن رہے ہیں۔ ڈریسنگ روم بھی نئی بلڈنگ میں منتقل ہوجائیں گے۔ کھلاڑیوں اور آفیشنلز کے لیے نیا انکلوژر بھی بنایا گیا ہے، 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں ۔ دو ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز پہلے ہی نصب کی جاچکی ہیں جبکہ 5 ہزار نئی کرسیوں کو بھی لگایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے ۔