کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) سول لائن پولیس نے گاڑی چوری کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر کے عدالت روڈ سے چوری ہونے والی گاڑی قبضے میں لے لی جبکہ فائرنگ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق 21جنوری کوشہری نعمت آغا اپنی گاڑی عدالت روڈ پر کھڑی کر کے نماز کی ادائیگی کیلئے مسجد گیا واپس آنے پر گاڑی غائب تھی ،سول لائن پولیس نے مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کی ،بدھ کی صبح ایس ایچ او سول لائن نعمت اللہ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ عدالت روڈ سے چوری ہونے والی گاڑی ائیر پورٹ روڈ پر واقع پارکنگ میں کھڑی ہے جس پر دیگر عملے کے ہمراہ پارکنگ پہنچے جہاں گاڑی کھڑی تھی تاہم ایس ایچ او ودیگر عملے نے پارکنگ کی نگرانی شروع کی اسی دوران تین افراد گاڑی لینے کیلئے آئے وہ جیسے ہی گاڑی لے کر فرار ہونے لگے تو پولیس نے گھیرے میں لے لیا ،پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم محمد سلیم اور ایک راہگیر ہارون بیگ سکنہ سرکی روڈ زخمی ہو گیا، پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے دو ٹی ٹی اور گاڑی قبضے میں لےلئے جبکہ دو ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔