اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیفالٹ کا خواب دیکھنے والے ٹولے کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی،حکومت اور میڈیا کا باہمی اعتماد کا رشتہ ہے، حکومتی پالیسیوں پر میڈیا کی تعمیری تنقید گورننس کی بہتری کیلئے بہت ضروری ہے، میڈیا کی تعمیری تنقید کا حکومت خیر مقدم کرتی ہے،ملک میں اظہارِ رائے کی مکمل آزادی ہے اور حکومت میڈیا کے ریاست کا چوتھا ستو ن ہونے پر یقین رکھتی ہے۔وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سےملاقا ت کے دوران کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزارتِ اطلاعات کے اعلی افسران، چیئرمین پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن میاں عامر محمود، میر ابراہیم، ناز آفرین سہگل، سلطان لاکھانی، سلمان اقبال، شکیل مسعود، ندیم ملک اور کاظم خان شریک تھے۔ علاوہ ازیں ورلڈ بینک کے 10 سالہ شراکت داری فریم ورک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی بینک کیساتھ 10 سالہ شراکت داری فریم ورک پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے،پی بی اے وفد سے ملاقات میں وزیرِاعظم نے کہا کہ اڑان پاکستان مقامی طور پر تیار کردہ ملکی ترقی کا منصوبہ ہے جس کو میڈیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے کامیاب بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام کے بعد پاکستان کی ترقی کی رفتار 2018 پر جہاں روکی گئی، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکی،پاکستان نےنواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سنہری دور دیکھا اور آج بھی انکی قیادت میں معاشی استحکام کے بعد ترقی کا سفر زور و شور سے جاری ہے،دوست اور برادر ممالک کے انتہائی مشکور ہیں۔