خیبر پختونخوا میں زرعی آمدن 15 کروڑ سالانہ سے زائد ہونے پر سپر ٹیکس لگے گا، بل اسمبلی پیش کردیا گیا۔
زرعی انکم ٹیکس کا بل خیبر پختونخوا اسمبلی میں نذیر عباسی نے پیش کیا، جس کے مطابق زرعی اراضی کو 3 زونز میں تقسیم کیا جائے گا۔
بل کے متن کے مطابق اگر زرعی آمدن 15 کروڑ روپے سالانہ سے زیادہ ہو تو سپر ٹیکس لگے گا۔
زرعی انکم ٹیکس بل کے مطابق زون ون میں ساڑھے 12 ایکڑ سے 25 ایکڑ اراضی پر 1200 روپے فی ایکڑ ٹیکس عائد ہوگا۔ زون 2 میں ساڑھے 12 ایکڑ سے 25 ایکڑ اراضی پر 900 روپے فی ایکڑ ٹیکس عائد ہوگا جبکہ زون تھری میں ساڑھے 12 سے 25 ایکڑ اراضی پر 500 روپے فی ایکڑ ٹیکس عائد ہوگا۔
بل کے متن کے مطابق 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے سالانہ زرعی آمدن پر 15 فیصد جبکہ 12 لاکھ سے 16 لاکھ روپے تک سالانہ زرعی آمدن پر 20 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔