• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

26 ویں ترمیم، پارلیمنٹ ختم کرسکتی ہے، کوئی ادارہ ختم کرے گا تو ہم مانیں گے نہ کوئی اور، شہباز شریف اپنے 5 سال مکمل کریں گے، بلاول

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 26 ویں ترمیم ختم نہیں ہوسکتی،کوئی ادارہ ختم کریگا تو ہم مانیں گے نہ کوئی اور، بنچ آئینی ہو یا ریگولر، آئین و قانون کو ماننا ہوگا، حکومت کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے اتفاق رائے پیدا کرے، سپریم کورٹ میں کوئی جج عہدے پر آتا ہے تو دوسرے ججز کو آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں، مشکلات نہیں، انشاء اللّٰہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے 5 سال مکمل کریں گے ، پیکا پر میڈیا سے مشاورت کرنی چاہیے تھی، ٹرمپ کی حلف برداری میں شرکت کی خبر میڈیا نے دی اسی سے پوچھیں، نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر ناشتے میں شرکت کروں گا،ہماری خارجہ پالیسی مضبوط ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں بھارتی وزیر خارجہ کو دعوت ملنے اور پاکستانی وزیر خارجہ کو نہ ملنے کے سوال پر بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ ہر ملک کی اپنی خارجہ پالیسی ہوتی ہے، جیو پولیٹکس کے لحاظ سے امریکا اور چین کے حالات واضح ہیں، چین کے صدر کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی، جسکے بعد ضروری تھا کہ بھارت کی طرف سے بھی نمائندگی ہو۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک پاکستان کی خارجہ پالیسی کا تعلق ہے، یہ اپنی جگہ قائم ہے، پاکستان کے ایٹمی اثاثے اور میزائل ٹیکنالوجی ذوالفقار علی بھٹو کے تحفے اور بینظیر بھٹو کی امانت ہیں، پیپلز پارٹی کبھی ان اثاثوں اور نیوکلیئر پروگرام پر سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہوگی۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری میں شرکت کے دعوت نامے سے متعلق بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے دعوت نامہ ملنے کی خبر میڈیا کی طرف سے ہی چلائی گئی، اب میڈیا سے ہی پوچھا جائے کہ اسے یہ خبر کہاں سے ملی۔انہوں نے مزید کہا کہ ناشتے میں شرکت کے لیے وہ ضرور جائیں گے، یہ سلسلہ بے نظیر بھٹو کے دور سے چلتا آرہا ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ افسوسناک بات ہے کہ جب سپریم کورٹ میں کوئی جج عہدے پر آتا ہے، دوسرے ججز کو آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں، مشکلات نہیں، 26 ویں آئینی ترمیم کا معاملہ نہیں اب یہ روایت بن چکی ہے، 26 ویں ترمیم کے رول بیک کا اختیار صرف پارلیمان کو ہے، کوئی اور ادارہ آئین کو رول بیک کرے نہ ہم مانیں گے۔

اہم خبریں سے مزید