راولپنڈی، پشاور (ایجنسیاں، نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹادیا اور وزیر اعلیٰ کو دہشت گردی اور گورننس پر فوکس کرنے کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے پارٹی کی صوبائی صدارت کا عہدہ واپس لے لیا اور انکی جگہ اب جنید اکبر کو پارٹی کا نیا صوبائی صدر مقرر کیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو جنید اکبر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ اسکے علاوہ عمران خان نے سلمان اکرم راجہ کو پنجاب میں پارٹی کی تشکیل نو کیلئے مشاورت کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس حوالے سے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علی امین خود بھی چاہتے تھے وہ پارٹی صدارت اپنے پاس نہ رکھیں، بانی پی ٹی آئی نے علی امین کو کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی اور گورننس کے معاملات پر فوکس کریں۔ پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈا پور کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی صدارت سے ہٹا دیا گیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو پی ٹی آئی کے پی کا صدر نامزد کردیا گیا ہے۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ علی امین گنڈا پور پر بطور وزیراعلیٰ بہت سے ذمہ داریاں ہیں اور کے پی میں امن امان کی صورتحال بھی سب کے سامنے ہے۔ علی امین گنڈاپور کو کے پی کی وزارت سے ہٹانے کا فیصلہ ان کی اپنی خواہش پر کیا گیا۔ مشال یوسفزئی بشریٰ بی بی کی ترجمان ہیں جبکہ پارٹی کی ترجمانی کیلئے پارٹی میں ہی مختلف ذمہ دار موجود ہیں۔ سلمان اکرم راجا کا مزید کہنا تھا کہ یہ فیصلہ جنید اکبر کی عمران خان سے جیل میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں ایم این اے عاطف خان، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر، ایم پی اے پنجاب میاں فرحت عباس بھی شریک تھے۔ پی ٹی آئی کی سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کو بھی پنجاب میں اہم تنظیمی عہدہ ملنے کا امکان ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے نومنتخب صوبائی صدر جنید اکبر نے سوشل میڈیا پر پیغام دیا اور کہا ہے کہ میں اپنے قائد عمران خان کا بے حد مشکور ہوں کہ مجھے صوبائی صدر نامزد کیا، مجھےعلی امین، عاطف خان اور شاہ فرمان کے مشورے سے چنا گیا، پارٹی میں کسی گروپ بندی کی کوئی گنجائش نہیں، ہم سب ایک تھے اور ایک رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز گاؤں کی صدارت سے شروع کیا، مڈل کلاس کا بندہ ہوں اور یہ پوزیشن مجھے محنت کے وجہ سے ملی جس کی مثال دوسرے پارٹیوں میں نہیں ملتی، انشاءاللہ میں عمران خان اور کارکنان کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، تمام کارکنان میرے لیے ہمیشہ کی طرح دعا کریں۔