کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹریز نے ایم ڈی سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈطارق علی نظامانی کے اعزاز میں تقریب کا انعقادکیا اس موقع پرسائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹریزکے صدرمحمد عظیم علوی، ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ عارف زیدی کے علاوہ ایس ایس ڈبلیوایم بی کے متعلقہ افسران موجود تھے، ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس ڈبلیوایم بی نے صنعتی اداروں کی سہولت کے لئے ایپ کا اجراء کردیا ہے، تاکہ فیکٹریزکی انتظامیہ صفائی ستھرائی کی خدمات کے سلسلے میں جاری کئے گئے بلز اور ادائیگی کے طریقے کار، اور اپنا موجودہ بل کا اسٹیٹس آن لائن معلوم کرسکیں لہذا جو فیکٹریز ابھی تک ایپ پر رجسٹرڈ نہیں ہیں وہ جلد از جلد اپنی رجسٹریشن کرائیں اور سالڈ ویسٹ کی صنعتی علاقوں میں صفائی ستھرائی کی خدمات کے سلسلے میں ادائیگی یقینی بنائیں،انہوں نے مزید کہا کہ نالوں کی صفائی سالڈ ویسٹ کا دائرہ اختیارنہیں ہے،جب بھی صنعتیں درخواست کرتی ہیں نالوں کی صفائی کروادی جاتی ہے،اس موقع پر فیکٹریز کے عہدیداران نے بتایا کہ سردیوں میں فیکٹریز میں لکڑیاں جلائی جاتی ہیں انہوں نے درخواست کی کہ اس کی راکھ بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اٹھانے کے انتظامات کرے، جس پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ راکھ کا لیب ٹیسٹ کرایا جائے گا اگر فضلہ خطرناک نہیں ہوگا تو سالڈ ویسٹ کا عملہ اٹھالے گا۔