• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاون خصوصی کا رات کو خیر آباد میں محکمہ جنگلات کی چیک پوسٹ کا معائنہ

پشاور(جنگ نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں معاون خصوصی برائے جنگلات، جنگلی حیات،ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے گزشتہ رات خیر آباد نوشہرہ میں محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی مشترکہ چیک پوسٹ کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے عملے کے حاضری رجسٹر سمیت تمام ریکارڈ کا معائنہ کیا۔معاون خصوصی نے اہلکاروں سے ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلات لیں۔ پیر مصور خان نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے انکو درپیش مسائل و مشکلات کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کی ۔انہوں نے چیک پوسٹ کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اہلکاروں کو ہدایت کی وہ اپنے سرکاری فرائض پوری دلجمعی اور ایمانداری سے سرانجام دیں اور بدعنوانی سے ہر صورت اجتناب کریں کیونکہ محکمے میں بدعنوان عناصر کی کوئی جگہ نہیں ہے، پیر مصور خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے پر عزم ہیں یہی وجہ ہے کہ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کیچیک پوسٹوں کے اچانک دوروں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، صوبے سے ماحول دشمن عناصر کا حقیقی معنوں میں قلع قمع کیا جائے گا، جنگلات اور جنگلی حیات کے محکموں کے افسران چیک پوسٹوں کی کڑی نگرانی کریں، سرکاری فرائض میں غفلت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ محکموں میں سزا و جزا کا سلسلہ جاری رہے گا، بہترین کارکردگی پر ملازمین کی حوصلہ افزائی جبکہ سرکاری فرائض میں غفلت اور ناقص کارکردگی پر سزا دی جائے گی۔
پشاور سے مزید