راولپنڈی (خبر نگار خصوصی)ڈھوک چوہدریاں بوستان خان روڈ پر تجاوزات کی بھرمار سے ٹریفک جام رہنا روز کا معمول بن گیا۔ سڑک کے دونوں اطراف دکانداروں اور ریڑھی بانوں نے فٹ پاتھ اور سڑک کے کناروں پر بھی سامان رکھا ہوا ہے جس سے سڑک تنگ ہو کر رہ گئی ہے۔ بوستان خان روڈ سے روزانہ ہزاروں گاڑیوں کا گزر ہوتا ہے۔ بحریہ ٹائون، گلریز کالونی، ہائی کورٹ روڈ، کار چوک، پی ڈبلیو ڈی اور سواں کی طرف جانے والی ٹریفک اسی سڑک کو استعمال کرتی ہے لیکن دکانداروں نے غیر قانونی طور پر اس سڑک کو لاوارث سمجھ کر اپنی دکانوں کا سامان کئی کئی فٹ تک سڑک پر رکھا ہوا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ سکول اور کالجز کے طلباء اور طالبات چھٹی کے بعد کئی کئی گھنٹے اس ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں۔ اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ ہسپتال کی ایمبولینس بھی اس رش اور ٹریفک جام میں کئی کئی گھنٹے انتظار کرتی ہیں ۔