اسلام آباد( طاہر خلیل)حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان اور سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کے خاتمے کا اعلان کر کے اسپیکر اور کمیٹی کی توہین کی اور پورے مذاکراتی عمل کو تماشا بنا کر رکھ دیا ہے، ہم کب تک اس تماشے کا حصہ بنے رہیں گے۔
عرفان صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسپیکر کو ابھی تک باقاعدہ طور پر مذاکرات کے خاتمے کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا لہٰذا اسپیکر قومی اسمبلی نے پہلے سے طے شدہ امور کے مطابق 28 جنوری کو مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ 28 تاریخ کو آئیں بیٹھیں، ہمیں سنیں، کبھی نہیں کہا کہ جوڈیشل کمیشن نہیں بنائیں گے ہم مذاکرات کے حوالے سے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔
لیگی سینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے مذاکرات ختم نہیں کیے، جب ایک طرف سے ختم ہو گئے ہیں تو ہم کس سے بات کریں، کیا ہم اْس کمرے میں بیٹھ کر دیواروں سے بات کریں؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات میں صبر اور تحمل کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر پی ٹی آئی مذاکرات کو چھوڑ کر جا رہی ہے تو یقیناً ان کے ذہن میں کوئی منصوبہ ہوگا۔