• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ : پرائس کنٹرول کمیٹی نے 176 دکانیں سیل، 80 دکانداروں کو جیل بھیج دیا

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹینٹ (ر) سعد بن اسد نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور گرانفروشی اورذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹی نے 176 دکانوں کو سیل جبکہ 200 دکاندار گرفتار کر کے 80 دکانداروں کو جیل بھیجا گیاان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے حوالے سے سریاب روڈ ، قندھاری بازار، رئیسانی روڈ، زرغون روڈ اور نیشنل پارک ہزار گنجی میں بھی کارروائی کر کے 20 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ شہر میں مرغی اور دودھ فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے جس سے مرغی اور دودھ کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہو رہا ہے۔ غیر قانونی رکشوں اور پرانی بسوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے اب تک 75 رکشے اور 10بسیں بند کر دیے گئے ہیں۔ تجاوزات کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی گئی ہے۔ہائی کورٹ بلوچستان کے حکم پر تمام کریش پلانٹس کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور ان کا سامان بھی ضبط کر لیا گیا ہے جس سے شہر میں آلودگی میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ عوام کی سہولت کے لیے لوکل اور ڈومیسائل کے مرحلے کو آسان اور جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور گزشتہ ماہ 1500 کے قریب لوکل وڈومیسائل سرٹیفکیٹ لوگوں کو دیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ اسلحہ لائسنس کے حوالے سے تمام کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کا اجراء کیا جا رہا ہے اس کے علاوہ لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کو بھی جلد نادرا ڈیٹا بس سے منسلک کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو اپنا لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ بنوانے میں آسانی ہو ۔ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور ان کی تکمیل کو ہر صورت ممکن بنایا جا رہا ہے۔
کوئٹہ سے مزید