اسلام آباد(ایجنسیاں/جنگ نیوز)امریکی ارب پتی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیچ نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت‘رئیل اسٹیٹ‘ معدنیات میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں‘ ایسی تعمیراتی ٹیکنالوجی پاکستان لانا چاہتے ہیں جس سے ایک ماہ میں 30 منزلہ عمارت کا ڈھانچا کھڑا ہوجاتا ہے‘ بائیڈن حکومت نے پاکستان کے ساتھ نامناسب سلوک کیا‘ ٹرمپ انتظامیہ پاکستانی قیادت کا احترام کرتی ہے‘ ڈونلڈٹرمپ کے خصوصی نمائندے رچرڈ گرینل کی اب پاکستان کے بارے میں پہلے سے بہتر انڈر اسٹینڈنگ ہے‘ میرے خیال میں رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے گمراہ کیا گیا‘وہ پاکستان کے نظام انصاف کی مکمل حمایت کرتے ہیں‘ میں یہاں سابق وزیراعظم کے معاملے پر بات کرنے کیلئے نہیں آیا ہوں‘پاکستان کے حوالہ سے غلط فہمیاں دورکرنے کی ضرورت ہے، ماضی میں امریکی عوام کو پاکستان کی حقیقی تصویر نہیں دکھائی گئی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کواسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف جینٹری بیچ کی قیادت میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد نے یہاں ملاقات کی ‘ملاقات میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد اور امید افزا اقتصادی صلاحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کے دوران رچرڈ گرنیل کے عمران خان کی حمایت اورپاکستان سے متعلق ٹویٹس اور بیانات پرجینٹری بیچ کا کہناتھاکہ رچرڈگرینل کو ڈیپ فیک کے ذریعہ گمراہ کیا گیا ہے‘ وہ ایک محب وطن امریکی ہیں اور انہوں نے خود مجھے انٹرنیٹ پر کئی ڈیپ فیک اے آئی پریزنٹیشن کے بارے میں بتایا ہے جو حقیقت پر مبنی نہیں ہیں‘رچرڈ گرینل کو پاکستان کی صورتحال کا آج زیادہ بہتر ادراک ہوگیا ہوگا۔جینٹری بیج نے بتایا کہ دیگرترقی پذیرممالک کے برعکس پاکستان ذہین اور محنتی لوگوں کا ملک ہے‘پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے کئی شعبے موجودہیں‘صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کی قیادت میں ہم دنیا میں امن اور خوشحالی کے ایک نئے دورمیں داخل ہو رہے ہیں اور مجھے یہ بھی یقین ہے کہ پاکستان کی قیادت بھی اسی مائنڈ سیٹ کی حامل ہے‘بائیڈن انتظامیہ نے پاکستان کے حوالہ سے جو طرزعمل اختیار کیا تھا وہ توہین آمیز تھا،افغانستان سے افواج کی واپسی کا طریقہ کا ر خوفناک تھا۔