• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: آن لائن شاپنگ فراڈ کیسز میں 20 فیصد اضافہ، 56 ملین پاؤنڈ کا نقصان

— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

برطانیہ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں آن لائن شاپنگ فراڈ کیسز میں 20 فیصد اضافے سے 56 ملین پاؤنڈ کا نقصان ہوا ہے۔

لبرل ڈیموکریٹس کی جانب سے کی گئی فریڈم آف انفارمیشن کی تحقیق نے برطانیہ میں آن لائن شاپنگ فراڈ کی خوفناک حد کو بے نقاب کر دیا ہے۔ 

یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لبرل ڈیموکریٹ رہنما ایڈ ڈیوی آج جنوب مغربی علاقے میں اس مسئلے کو اجاگر کرنے والے ہیں۔

2023-24ء میں، برطانیہ بھر میں آن لائن شاپنگ فراڈ کے 68082 کیسز رپورٹ ہوئے، جن کے باعث متاثرین کو مجموعی طور پر 56 ملین پاؤنڈ  سے زیادہ کا نقصان اٹھانا پڑا۔

یہ اعداد و شمار پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہیں، گزشتہ برس آن لائن شاپنگ دھوکا دہی کے ذریعے ہونے والے نقصانات 47 ملین پاؤنڈ سے کم تھے۔ 

جنگ لندن کو جاری کیے گئے پریس ریلیز کے مطابق 24-2023ء میں ہر متاثرہ فرد کو اوسطاً 827 پاؤنڈ کا نقصان ہوا، جو کہ مالی سال 23-2022ء کے 700 پاؤنڈ کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر دن اوسطاً 154000 پاؤنڈ آن لائن شاپنگ دھوکا دہی میں ضائع ہوئی۔

ان میں سے تقریباً 9 ملین پاؤنڈ کے نقصانات میٹرو پولیٹن پولیس کے ذریعے ریکارڈ کیے گئے، جبکہ تقریباً 7 ملین پاؤنڈ کے ایسے نقصانات تھے جو کسی مخصوص پولیس فورس سے منسلک نہیں کیے جا سکے۔ 

لبرل ڈیموکریٹس نے پچھلی کنزرویٹیو حکومت کو ان اعداد و شمار پر یہ دلیل دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ وہ دھوکا دہی کے بدلتے ہوئے طریقوں کے مطابق خود کو ڈھالنے میں ناکام رہی، جس کے نتیجے میں حالیہ برسوں میں آن لائن فراڈ میں اضافہ ہوا۔

اب پارٹی حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ دھوکا دہی سے نمٹنے کے لیے ایک نیا منصوبہ پیش کرے، جس میں آن لائن کرائم ایجنسی کا قیام بھی شامل ہو تاکہ ملک بھر میں آن لائن فراڈ کے خاتمے کے لیے اقدامات کو مربوط کیا جا سکے۔

لبرل ڈیموکریٹ رہنما ایڈ ڈیوی ایم پی نے کہا ہے کہ مجرم کمزور لوگوں کو آن لائن دھوکا دہی اور فراڈ کے ذریعے بڑے پیمانے پر نشانہ بنا رہے ہیں لیکن پچھلی کنزرویٹیو حکومت نے ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنے کو ترجیح دی اور ان دھوکے بازوں کو آزاد چھوڑ دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ لوگوں نے آن لائن دھوکے بازوں کے ہاتھوں ناقابلِ یقین حد تک بھاری رقوم گنوائی ہیں اور ہمیں انہیں روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے، لبرل ڈیموکریٹس حکومت سے پرزور مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ایک نئی آن لائن کرائم ایجنسی قائم کرے تاکہ دھوکا دہی کا خاتمہ کیا جا سکے، ان بدنامِ زمانہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور پولیس کو اپنی توجہ ہماری کمیونٹیز کو محفوظ بنانے پر مرکوز رکھنے میں مدد دی جا سکے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید