• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی کارکردگی صفر‘ کسی بھی وقت فارغ ہوسکتی ہے‘ شاہد خاقان

کراچی (ٹی وی رپورٹ)سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی کاکہنا ہے کہ 2018ءکے مقابلے میں حالیہ انتخابات زیادہ خراب ہیں‘صوبوں کا نظام اس حد تک تباہ ہوچکا ہے کہ انہیں ختم کر کے نئے صوبے بنانا ضروری ہیں‘موجودہ حکومت کی کارکردگی میری نظر میں صفر ہے ‘ حکومت اور اسمبلی ڈیلی ویجز پر ہے کسی بھی وقت فارغ ہوسکتی ہے لیکن الیکشن سے بھی حل نہیں نکلے گا کیوں کہ جو ووٹ پڑے گا وہ کسی کی حمایت میں نہیں بلکہ نظام کی مخالفت میں پڑے گا‘وہ شعور کا ووٹ نہیں ہوگا بلکہ جذبے کا ہوگا اوراس سے بہت بڑا انتشار آسکتا ہے‘جیونیوزکے پروگرام ’’جرگہ ‘‘میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھاکہ چھبیسویں ویں ترمیم سے جوڈیشری کی گردن مار دی گئی اور اب جو غلطیاں کی جائیں گی اس کا اثر اگلے تیس سال پر پڑے گا ۔آج پورے پاکستان میں صرف ایک آدمی آئین کی بات کر رہا ہے جو بلوچستان کا پٹھان ہے جس کو سات دفعہ غدار کا لقب دیا جاچکا ہے۔ اپنی سیاسی جماعت سے متعلق شاہد خاقان نے کہا کہ ہماری جماعت غیر روایتی ہے ہم نے ایسے لوگوں کو ترجیح دی جو ملک کے مسائل کو سمجھتے ہوں اور اس کا حل بھی رکھتے ہوں۔ گراس روٹ پر ہر سطح پر جماعت بنا رہے ہیں الیکٹبلز کے پاس ابھی تک نہیں گئے ہیں لیکن جائیں گے اس میں کوئی مضحکہ نہیں ہے لیکن اس الیکٹیبلز کو لیں گے جس کی شہرت اچھی ہو۔شاہد خاقان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو باہر سے کوئی خطرہ نہیں لیکن اندرونی خطرات بہت بڑے ہیں اور دنیا پاکستان کو خطرہ سمجھتی ہے۔جب کسی ملک کے پاس ایٹمی ٹیکنالوجی آجائے تو دنیا اس پر نظر رکھتی ہے کہ اگر اس ملک میں انتشار ہوا تو یہ ہتھیار کس کے کنٹرول میں چلے جائیں گے۔
اہم خبریں سے مزید