راولپنڈی (ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بطور سابق وزیراعظم آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھ کر ان سے پالیسیوں کا ازسرنو جائزہ لینے کی اپیل کی ہے اورکہا ہے کہ فوج اور عوام میں خلیج نہیں بڑھنی چاہئے ‘یہ فوج اور ملک ہمارا ہے، ہم انتشار نہیں چاہتے‘ ساری چیزوں کا نزلہ فوج پر گررہا ہے، 2024 کا الیکشن، 26ویں آئینی ترمیم، پیکا ایکٹ فوج اور عوام کے درمیان فاصلے کی وجوہات ہیںجبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ خط میں عمران خان کا کہنا ہے کہ فوج روزانہ قربانیاں دے رہی ہے‘ فوجی شہداء ہمارے ہیں ‘ضرورت ہے قوم فوج کے ساتھ کھڑی رہے‘ اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ کھڑی ہوئی جو خود دو بار کے این آر او زدہ ہیں‘جب صلح یا اسٹیبلشمنٹ سے معاملات بہتر ہونے کی بات ہوتوحکومت کی نیند اڑ جاتی ہے‘ ادھر عمران خان کی بہن علیمہ خان کاکہنا ہے کہ ہماری فوج ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے‘ ہمیں اپنی فوج کو مضبوط دیکھنا ہے۔تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے پاک فوج کے سربراہ کو خط لکھنا پالیسی میں تبدیلی نہیں بلکہ انہوں نے آرمی چیف کو بطور سابق وزیر اعظم خط لکھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف کو اوپن لیٹر لکھا ہے جس کومیڈیا کے سامنے بھی پیش کردیا جائے گا۔بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان نے خط میں فوج اور عوام کے درمیان فاصلے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے لکھا کہ فوج اور عوام میں خلیج نہیں بڑھنی چاہیے جس کے لیے انہوں نے آرمی چیف سے پالیسیوں پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عمران خان نے خط میں افواج پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا‘ ان کا کہنا تھا کہ یہ فوج اور ملک ہمارا ہے، ہم انتشار نہیں چاہتے۔خط میں ان کا کہنا تھا کہ ساری چیزوں کا نزلہ فوج پر گررہا ہے، 2024 کا الیکشن، 26ویں آئینی ترمیم، پیکا ایکٹ فوج اور عوام کے درمیان فاصلے کی وجوہات ہیں۔دریں اثناءاڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو 6 نکات پر مشتمل خط بھیجا ہے‘بانی نے بطور سابق وزیر اعظم اور پارٹی سربراہ خط لکھا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے خط میں آرمی چیف سے پالیسیاں تبدیل کرنے کی درخواست کی، بانی پی ٹی آئی نے خط میں جوڈیشل کمیشن بنانے کی بھی بات کی۔فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خط میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوج سے اظہار یکجہتی کیا‘ بانی نے خط میں کہا کہ فوج روزانہ قربانیاں دے رہی ہے، ضرورت ہے پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی رہے۔