کراچی(نیوزڈیسک)مغربی کنارے میں ایک فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی ملٹری چیک پوسٹ پر حملہ کردیا تھا جہاں ایک کمانڈر سمیت 11اہلکار موجود تھے۔فلسطینی نوجوان فوجی کمپائونڈ میں داخل ہونے میں کامیاب رہا، کئی گھنٹوں تک تنہا مقابلہ کرنے کے بعد شہید ہوگیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے تیاسیر میں اسرائیلی فوج کی چیک پوسٹ پر حملے میں 2اسرائیلی فوجی مارے گئے۔فلسطینی نوجوان کے حملے میں اسرائیلی فوج کے 8اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔حملہ آور چیک پوسٹ پر اسرائیلی فوجیوں کو زیر کرنے کے بعد ملٹری کمپاؤنڈ میں داخل ہوگیا اور وہاں بھی اہلکاروں سے جھڑپ ہوئی۔ملٹری کمپاؤنڈ میں بھی اسرائیلی فوج حملہ آور کو روکنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ حملہ آور فوجیوں کو چکمہ دینے میں کامیاب ہوگیا۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملہ آور کافی دیر تک کمپاؤنڈ میں موجود رہا اور چھپ چھپ کر فائرنگ کرتا رہا۔ مزید نفری طلب کی گئی جس نے حملہ آور کو گولیاں مار کر شہید کردیاگیا۔