• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جموں و کشمیر کا تنازع ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون رہے گا، وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی ختم ہوچکی تھی لیکن پچھلی حکومت انہیں واپس لے کر آئی اور بدقسمتی سے دہشت گردوں کو امن کا پیامبر کہا گیا تاہم جوانوں کی قربانیوں سے ایک بار پھر دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے، جموں و کشمیر کا تنازع پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون رہے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گرین چینل نواز شریف ایک بہت بڑا کارنامہ تھا اور انشااللّٰہ اس کو ہم دوبارہ بحال کریں گے۔

وزیرخزانہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے گرین چینل کے معاملے کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 تک پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوگیا تھا، بدقسمتی سے چند سال پہلے ایک حکومت نے ان کو دوبارہ پاکستان آنے دیا اور یہ کہا کہ یہ امن کے پیامبر ہیں۔

اس سے بڑی پاکستان دشمنی اور کوئی نہیں ہوسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گردی دوبارہ ختم ہوگی اور دفن ہوگی، یہ دھرتی انشااللہ محفوظ ہوگی۔

دریں اثناءیوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میںشہبازشریف نے بہادر کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کےحق خودارادیت کے حصول تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

اہم خبریں سے مزید