کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نےبیجنگ میں چینی ای وی بس مینوفیکچرر سے ملاقات کرکے سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت ہےچینی دارالحکومت بیجنگ میں سینئر وزیر نے چینی کمپنی کو باضابطہ طور پر کراچی میں ای وی بس مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کی دعوت دی سندھ کے وزیر برائے توانائی اور منصوبہ بندی و ترقی سید ناصر حسین شاہ بھی ملاقات میں موجودتھے انہوں نے ملاقات کے دوران سندھ حکومت کی جانب سے گرین انرجی اور الیکٹرک موبلٹی کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ چینی ای وی بس مینوفیکچرنگ کمپنی کے حکام سے ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں رعایت، زمین کی فراہمی اور ریگولیٹری منظوری کے عمل کو آسان بنانے سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی انہوں نے کہاکہ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ کاربن کے اخراج میں کمی لانے کے لئے کوشاں ہے، کراچی میں ای وی بس پلانٹ کے قیام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ایک صاف اور مؤثر ٹرانسپورٹ نظام کی جانب منتقلی بھی تیز ہو جائے گی۔چینی کمپنی کے نمائندوں نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی دعوت کا خیرمقدم کیا اور کراچی میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے میں دلچسپی کا اظہار کیا چینی سرمایہ کاروں نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو یقین دہانی کروائی کہ جلد ہی ایک فزیبلٹی اسٹڈی کی جائے گی تاکہ منصوبے کی معاشی اور تکنیکی حیثیت کا اندازہ لگایا جا سکے۔