اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) ڈیجیٹل پاکستان نے اپنے بانی عمار جعفری کی قیادت میں ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کیساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس شراکت داری کا مقصد ملک کی ڈیجیٹل خواندگی کو بڑھانا، سائبر سکیورٹی سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا اور ٹیکنالوجی سے چلنے والے مستقبل کے لئے اقدامات کو آگے بڑھانا ہے۔ اس تعاون کے ذریعے میڈیا پارٹنرز کو پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کی کوششوں کی درست رپورٹنگ اور وسیع پیمانے پر کوریج کو یقینی بنانے کے لئے ماہرانہ مواد، ورکشاپس اور بحران کے انتظام میں معاونت فراہم کی جائے گی۔ معاہدے کے تحت ڈیجیٹل پاکستان سائبر سکیورٹی پر تربیتی سیشنز کا اہتمام کرے گا، یہ تعاون سائبر سکینڈلز، غلط معلومات سے نمٹنے، انٹرویوز، ٹاک شوز اور دستاویزی فلموں کے ذریعے اختراعی مواد کو فروغ دینے پر بھی توجہ مرکوز کرے گا۔ ایم یوسف نے اس اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن سائبر سکیورٹی جیسے اہم مسائل پر بیداری پیدا کرنے کے لئے اپنے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔