اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی سے قومی خزانے کو بچت اور صارف کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی واقع ہو رہی ہے‘بجلی شعبے میں اصلاحات کے مثبت ثمرات سامنے آ رہے ہیں،بجلی چوری کے خلاف مہم تیز کرکے تمام تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں 100فیصد کمی لائیں گے،بجلی شعبے کی اصلاحات سے گھریلو صارفین اور صنعتوں کیلئے ٹیرف میں مزید کمی آئے گی۔30سال بعد پاکستان میں چیمپئن ٹرافی جیسابڑایونٹ ہونے جارہا ہے‘ٹورنامنٹ میں ہم سب اس وقت کا انتظار کریں گے جب قومی ٹیم ہندوستان کو شکست فاش دیگی ‘میچ دبئی میں ہوگا ہمیں بھی دبئی لے چلیں ‘ہم قومی ٹیم کی بیٹنگ اور بالنگ دیکھیں گے‘ٹرافی جیت کر آپ پوری قوم کے ہیروبن جائیں گے ‘محسن نقوی نے 117دنوں میں قذافی اسٹیڈیم کی تعمیرنوکاکام مکمل کیا ‘ شہبازا سپیڈ تو ماضی کا قصہ ہے اب میں محسن اسپیڈ کی بات کرتا ہوں‘پاکستان کو غیر معمولی موسمیاتی تباہ کاریوں کا سامنا ہے‘ موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے گورننس‘ اصلاحات اور استعداد کار میں اضافہ پر توجہ مرکوز ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بریتھ پاکستان بین الاقوامی کانفرنس ‘جائزہ اجلاس اورقذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نوکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کوشہباز شریف کی زیرِ صدارت بجلی شعبے میں اصلاحات پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اصلاحات و انسداد چوری مہم کے نتیجے میں دسمبر 2024ء تک تقسیم کار کمپنیوں کی وصولیاں بہتر ہو کر 93.26فیصد پر پہنچ گئیں۔ وزیراعظم نے تمام اصلاحات و منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے بگاڑ کو بہتر کرنے کیلئے وزارت اور متعلقہ ادارے تعاون سے کام کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے،روزِ اول اپنے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں کم لاگت ماحول دوست بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں نجی شعبے سے اچھی شہرت کے بورڈ ارکان کی تعیناتی سے کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے‘ ایسی تقسیم کار کمپنیاں جن میں بورڈ تشکیل نہیں ہوئے ان میں بھی جلد نجی شعبے سے اچھی شہرت کے بورڈ ارکان تعینات کر دیئے جائیں، بجلی کے ترسیلی نقصانات میں کمی بھی اصلاحات کے مثبت نتائج کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم نے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیرنوکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ آج ہم سب کے لئے بڑی خوشی کا دن ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو بہت ہی شاندار طریقے سے مکمل ہوئی‘محسن نقوی کی عادت ہے کہ جو اچھاکام کرتے ہیں یہ ان کو لندن کی سیر کراتے ہیں اور یہ اب 2500لوگوں کو لندن کی سیر کرائیں اوربہت اچھی طرح شاباش دیں‘ محسن نقوی نے117دنوں میں جو کام کیاہے شہبازا سپیڈ تو ماضی کی بات ہے اب میں محسن اسپیڈ کی بات کرتا ہوں ‘میں نے ڈی جی ایف ڈبلیو او کی بڑی تعریف سنی ہے ،یہ بہت پروفیشنل سولجر ہیں‘قومی ٹیم نے حالیہ مہینوں میں بہت اعلیٰ کرکٹ کھیلی ‘اب چیمپئن ٹرافی آپ کی جیت کی منتظر ہے‘ٹرافی جیت کر نہ صرف آپ پوری قوم کے ہیرو ز ہوں گے بلکہ ہمارا جو ہمسایہ ہے اس کو شکست فاش دے کر آپ چوبیس کروڑ عوام کے دل جیتیں گے۔بابر اعظم اور محمد رضوان سے بہت سی امیدیں ہیں‘ یہ ٹرافی اللّٰہ تعالی پاکستان کی جھولی میں ڈالے گا۔ انہوں نے چیئرمین پی سی محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھے بھی دبئی لے کر چلیں وہاں روایتی حریف کے خلاف ہم اپنی ٹیم کی بالنگ اور بیٹنگ دیکھیں گے ۔وزیر اعظم نے شاہین شاہ آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو آپ سے بڑی توقعات ہیں ، آپ نے اپنے سسر کے قدم پر چلنا ہے اور وکٹوں کے انبار لگادیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت میں بھی مہنگائی اسی رفتار سے آگے بڑھ رہی تھی جیسے ڈیننس للی کی گیند برق رفتاری سے چل رہی تھی ،مہنگائی کا بوجھ تھا لیکن میرے ساتھی آ کر کہتے تھے ویلڈن آپ تگڑے رہیں تو مجھے بھی اس وقت سلیم الطاف اور انتخاب عالم کا مکالمہ یاد آ گیا جس پر شرکاء نے بھرپور قہقے لگائے۔