اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بنگلہ دیشی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد نظم الحسن نے ملاقات کی ، جس میں علاقائی سلامتی اور دو طرفہ دفاعی اور سیکورٹی تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا،ایڈمرل نظم الحسن نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی نمایاں خدمات کو سراہا، مسلح افواج کے کلیدی کردار کا بھی اعتراف، بنگلہ دیشی بحریہ کے سربراہ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے بھی ملاقات کی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنگلہ دیشی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد نظم الحسن نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ایڈمرل محمد نظم الحسن نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی نمایاں خدمات کو سراہا اور بالخصوص آئندہ کثیر الاقومی میری ٹائم مشق ’امن 2025‘ اور امن ڈائیلاگ کے انعقاد کو سراہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ بنگلہ دیشی چیف آف دی نیول اسٹاف نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کے کلیدی کردار کا بھی اعتراف کیا۔ادھر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بنگلہ دیش کے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ایم نظم الحسن نے ملاقات کی جس میں خطے کے بدلتے ہوئے حالات، باہمی سٹریٹجک دلچسپی کے معاملات بشمول میری ٹائم تعاون اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ کے طریقوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے بنگلہ دیش کے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ایم نظم الحسن نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔دونوں رہنمائوں نے امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون کی اہمیت پر زور دیا، معزز مہمان نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کا اعتراف کیا،قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر مہمان کو تینوں مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔