پشاور (اے پی پی)صوبائی دارالحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی سات روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی ہدایت پر انتظامی افسران انسداد پولیو مہم کی نگرانی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ پشاور سے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کر نا ہوگا اور ہماری مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔