• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ائیر لائنز کی جون میں برطانیہ کیلئے ڈائرکٹ پروازیں شروع ہونیکا امکان

اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد)پاکستانی ائیر لائنز کی جون میں برطانیہ کیلئے ڈائرکٹ پروازیں شروع ہونیکا امکان،برطانوی ایوی ایشن ٹیم کی سی اے اے کے مختلف شعبوں کی انسپکشن کے بعدوطن واپسی ، یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور یو کے ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ کی ٹیکنیکل ٹیم سول ایوی ایشن اتھارٹی آف پاکستان کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ مکمل کر کے گزشتہ روز وطن واپس چلی گئی جبکہ یو کے ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ کے دو ارکان بدھ کو اپنی ذمہ داریاں مکمل کر کے لندن چلے گئے تھے۔ یو کے کی یہ ٹیکنیکل ٹیم مسلسل 10 روز تک سول ایوی ایشن اتھارٹی آف پاکستان کے تمام پروسیجر اور سیفٹی سے متعلق معاملات اور اتھارٹی میں متعلقہ ڈائریکٹرز اور ان کے ماتحت کام کرنے والے ٹیکنیکل لوگوں سے سوال و جواب کرتی رہی۔ٹیکنیکل ٹیم پائلٹوں کو لائسنس کے اجرا کے بارے میں دستاویزات کی نقول اپنے ساتھ لے گئی ہے۔ کمیٹی نے ایئر سیفٹی کے شعبہ کی تفصیلی انسپکشن بھی کی۔ یو کے ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ اور یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیکنیکل ٹیم نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹرز ، ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی آف پاکستان ، پاکستان کی سرکاری فضائی کمپنی اور ایک نجی فضائی کمپنی کے سارے سسٹم کو چیک کیاجو پاکستان سے یو کے کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ٹیکنیکل ٹیم ایک سے دو ماہ میں انسپکشن رپورٹ کے نتائج ایئر سیفٹی کمیٹی آف یو کے کو پیش کرے گی۔
ملک بھر سے سے مزید