راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)پنجاب کی جیلوں میں جدید کیمروں کی تنصیب کے لئے 5 ارب روپے کی منظوری دے دی گئی ۔صوبہ کی تمام 43جیلوں میں سیف جیلز پراجیکٹ کے تحت 12ہزار کے قریب جدید کیمرے لگائے جارہے ہیں جو آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے بھی لیس ہوں گے ۔ذرائع کاکہنا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے سیف سٹی اتھارٹی کی ٹیموں کے ذریعے پنجاب کی جیلوں کاخصوصی سروے کروایاہے جس کی روشنی میں جیلوں کومزید محفوظ بنانے اور ہمہ وقت فول پروف نگرانی کے لئے جدید کیمروں کی تنصیب کافیصلہ کیاگیاہے۔کیمروں کے ذریعے نگرانی کے لئے ہر جیل میں کنٹرول روم کے علاوہ آئی جی جیل خانہ جات آفس اور ہوم ڈیپارٹمنٹ لاہورمیں مانیٹرنگ ڈیسکبھی قائم کئے جائیں گے جہاں سے 24گھنٹے جیلوں کی نگرانی کی جاسکے گی۔ مذکورہ کیمرے جیلوں کے تمام دفاتر، قیدیوں کی بیرکس،داخلی و خارجی راستوں ،سکیورٹی وال، جیمرز ایریا، کچن، ہسپتال ، لائبریری اوراندرون جیل کے تمام راستوں ، پر لگائے جائیں گے ۔ذرائع کاکہنا ہے کہ کیمروں کی تنصیب کاکام رواں سال مکمل کرلیاجائے گا۔