• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاون قومی صحت کی پی ایم اینڈ ڈی سی معائنہ نظام کی ڈیجیٹائزیشن کی ہدایت

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیر اعظم کے معاون خصوصی قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے پی ایم اینڈ ڈی سی کے معائنہ نظام کی ڈیجیٹائزیشن کی ہدایت کی ہے تاکہ شفافیت، درستگی اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے،دورے کے دوران انہیں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے آپریشنز اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے ادارے کی حالیہ اصلاحات پر روشنی ڈالی ، معاون خصوصی نے اس بات میں گہری دلچسپی لی کہ زیر التواء کیسز کو موثر طریقے سے کیسے حل کیا جا رہا ہے ڈاکٹر رضوان تاج نے وضاحت کی کہ تدریسی تجربہ سرٹیفکیٹس کے اجراء کیلئے سخت اور تفصیلی جانچ کے عمل سے گزرنا ضروری ہوتا ہے ، گزشتہ 11 ماہ کے دوران، پی ایم اینڈ ڈی سی نے ڈاکٹروں کی بے شمار درخواستوں اور ای میلز کو حل کیا ہےادارے نے اپنی ویب سائٹ کو اپڈیٹ کر کے عملے کے رابطہ نمبرز اور ہیلپ لائنز کو موثر بنایا ہے ،ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے پی ایم اینڈ ڈی سی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں نئے آئی ٹی منصوبوں اور جدید ترین اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی گئی انہیں حال ہی میں متعارف کرائے گئے آن لائن پورٹل کے بارے میں بھی بتایا گیاڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے پی ایم اینڈ ڈی سی کے جاری اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ کونسل کے کام کو مزید تیز کیا جائے تاکہ پاکستان میں طبی تعلیم کے معیار کو بین الاقوامی سطح تک بلند کیا جا سکے ، تمام زیر التواء درخواستوں کو فوری طور پر نمٹانے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنایا جائے، حکومت ملک میں طبی تعلیم کے معیار کو بین الاقوامی سطح تک لے جانے کیلئے پرعزم ہے ہم طبی تعلیم میں بہتری کیلئے موثر اقدامات یقینی بنائینگے ،حکومت صحت کے شعبے میں مزید اصلاحات پر کام جاری رکھے گی اور پی ایم اینڈ ڈی سی سمیت پورے نظام میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیگی۔
اسلام آباد سے مزید