راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 2افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیاگیا۔تھانہ وارث خان کے علاقہ ڈھوک الٰہی بخش میں 36سالہ شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا۔ایس ایچ او انسپکٹر تہذیب شاہ نے بتایاکہ انیل جیمسن آریہ محلہ کارہنے والا ہے جس کا اپنے دوستوں ٹیلکم مسیح اور بلال وغیرہ سے کسی بات پر جھگڑا ہوااور معاملہ رفع دفع ہوگیا،ہفتہ کی شام انیل ڈھوک الٰہی بخش میں اپنی ہمشیرہ کے گھرآیا ہوا تھاجہاں اسے ٹیلکم وغیرہ نے گھر کے باہر بلایا اور فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ تھانہ نصیرآباد کو تسلیم اختر سکنہ بھاٹہ چوک نے بتایاکہ گزشتہ شام میں اپنے خاوندمراد خان کے ہمراہ جمعہ بازار میں سامان خریدنے گئی تو عباسی چوک سہام میں پیچھے سے ایک رکشہ جس میں 4لڑکے اورا یک ڈرائیور سوار تھا آگئے جنہوں نے میرے خاوند کو پکڑنے کی کوشش کی تو وہ اندر گلی میں بھاگ گیا۔ یہ چاروں لڑکے بھاگتے ہوئے اس کے پیچھے گئے ۔میرا خاوند بھاگ کر ایک گھر کی سیڑھیاں چڑھ کر اوپر چلا گیا جہاں ان چاروں نے میرے خاوند کو پکڑ لیااور اسے مارنا شرورعکر دیا اورکچھ دیر بعد فائر کی آواز آئی۔ جب میں اوپر جانے کیلئے سیڑھیاں چڑھیں تو ایک لڑکے کے ہاتھ میں پسٹل تھا اور باقی چاروں کے ہاتھ میں ڈنڈے تھے جوسیڑھیاں نیچے اترے اور بھاگ گئے ۔اوپر جاکر دیکھا تو میراخاوند خون میں لت پت پڑا تھاجوموقع پر جاں بحق ہوگیا۔ پستول والے لڑکے کا نام احتشام خان معلوم ہوا ۔ دو دن قبل میرے خاوند نے مجھے بتایا تھاکہ میرا احتشام نامی لڑکے سے جھگڑا ہوا تھا اور معاملہ رفع دفعہو گیا تھا جس کی رنجش احتشام کے دل میں تھی ۔ انہوں نے باہم صلاح مشورہ ہوکر میرے خاوند کو قتل کیا ۔