راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے حکومت پاکستان الگ سے سفیر مقرر کرے۔ وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف کے واضح اور دو ٹوک مؤقف سے کشمیریوں سمیت ہندوستان اور دنیا کو مضبوط پیغام گیا ہے۔ این پی سی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ انڈیا نے یوم یکجہتی کشمیر پروگرامز کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی مگر سکیورٹی اداروں کی عمدہ پلاننگ کے باعث اسے کامیابی نہیں ہوئی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل اے پی ایچ سی ایڈووکیٹ پرویز شاہ‘ الطاف وانی‘ شیخ عبدالمتین‘ زاہد صفی‘ امتیاز وانی‘ محترمہ شمیم شال اور دیگر بھی موجودتھے۔ رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ‘ سلامتی کونسل اور او آئی سی میں کشمیریوں کے حوالے سے ایک مضبوط آواز بلند کی ہے۔