کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سولہ ارب روپے کا ریونیو اکھٹا کر لیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے پہلے 7ماہ میں چودہ ارب روپے کا ریونیو اکٹھا ہوا تھا رواں مالی سال کے دوران بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ٹیکس دھندگان کی تعداد میں 69فیصد اضافہ ہوا ہے بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین نور الحق بلوچ نے بتایاکہ رواں مالی سال میں 1109کاروبار بی آر اے کے ٹیکس نیٹ میں شامل ہوئے پچھلے سال یہ تعداد 657 تھی بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے حب، تربت، گوادر اور تفتان میں نئے ریجنل دفاتر فعال کر دیے ہیں، صارفین اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بی آر اے نے ملک میں سب سے کم ریستوران ٹیکس مقرر کر رکھا ہے ریستوران سروسز پر صرف 4 فیصد ٹیکس جبکہ کارڈ ادائیگیوں پر محض 2 فیصد ٹیکس لاگو ہے تعلیمی خدمات پر بلوچستان میں کوئی سیلز ٹیکس لاگو نہیں جبکہ دیگر صوبوں میں یہ ٹیکس 15 فیصد تک ہے حج آپریٹرز کو ٹیکس ریلیف دیا گیا ہے تاکہ مذہبی سفر مزید آسان ہو۔