جیکب آباد(نامہ نگار)جیکب آباد کے سیاستدانوں،مذہبی رہنماؤں اور پولیس افسران کو دیئے گئے 142گارڈزکو واپس طلب کرلیا گیا،شہر کے چار تھانوں پر تعیناتی کے احکامات جاری، تاحال کسی اہلکار نے جوائننگ نہیں دی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آبادکے ایس ایس پی صدام خاصخیلی نے سیاستدانوں، مذہبی رہنماؤں اور پولیس افسران کو محافظ کے طور پر دئے گئے 142پولیس اہلکاروں کو واپس طلب کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں مذکورہ اہلکاروں کو شہر کے چار تھانوں سٹی، صدر، ائیرپورٹ، سول لائن سمیت دیگر پر تعینات کیا گیا ہے ملنے والی معلومات کے مطابق رکن قومی اسمبلی اعجاز جکھرانی سے35، محمد میاں سومرو سے6، رکن سندھ اسمبلی ممتاز جکھرانی سے3، ڈاکٹر سہراب سرکی سے7، سینیٹر اسلم ابڑو سے6، جیکب آباد کے سابق ایس ایس پیز اور دیگر پولیس افسران سے 41اور مذہبی رہنماؤں سے36سے زائد اہلکاروں کو سیکیورٹی کے نام پر دئے گئے اہلکار واپس لے لئے گئے ہیں، برسوں سے جمس ہسپتال میں مقر رسیکیورٹی انچارج سب انسپکٹر عباس مغیری کو ہٹا کر سول لائن تھانے مقرر کیا گیا ہے جو پولیس لائن سے جمس میں مقرر تھا تمام اہلکار پولیس لائن سے گارڈ کے طور پر بااثروں کے حوالے کئے گئے تھے کہا جارہا ہے کہ اب تھانوں سے بااثروں کو مذکورہ پولیس اہلکار چند روز بعد دوبارہ گارڈ کے طور پر مل جائیں گے، ملنے والی معلومات کے مطابق طلب کئے گئے پولیس اہلکار نے تاحال پولیس لائن میں رپورٹ نہیں کیا ہے۔