کراچی (اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے چھٹے راؤنڈ میں ہائر ایجوکیشن نے دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل کو 160 رنز سے شکست دیدی۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں ایس این جی پی ایل کی چھ میچوں میں پانچویں شکست ہے۔ تیسرے دن روحیل نذیر اور محمد عارف نے سنچریاں بنائیں ۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ایس این جی پی ایل کی ٹیم ہائر ایجوکیشن کے خلاف359رنز کے ہدف کے جواب میں 198 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ وسیم اکرم جونیئر نے 41 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ایچ ای سی 292 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی ۔ محمد سلمان 7 وکٹیں لیں ۔ کے سی سی اے اسٹیڈیم میں کے آر ایل پہلی اننگز میں 499 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ روحیل نذیر 134 اورشاہد عزیز نے 85 رنز اسکور کیے ۔ رمیز جونیئر نے5شکار کیے۔ غنی گلاس نے دوسری اننگزمیں 2 وکٹوں پر 127 رنز بنائے تھے۔ راشد لطیف اکیڈمی گراؤنڈ میں واپڈا کو 354 رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے 3 وکٹوں پر 180 رنز بنالیے تھے۔ محمد عارف 101 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اسے 174 مزید رنز درکار ہیں۔ اس سے قبل سرکاری ٹی وی کی ٹیم دوسری اننگزمیں 112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ نقیب اللہ نے 5وکٹیں حاصل کیں۔ خالد عثمان نے تین اور میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ایشال ایسوسی ایٹس کی ٹیم اسٹیٹ بینک کے 415 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 275 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اسٹیٹ بینک نے اپنی دوسری اننگز221 رنز3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ ایشال ایسوسی ایٹس نے فتح کیلئے 362 رنز کے جواب میں 20 پر دو وکٹ گنوادیے ہیں۔