اسلام آباد(جنگ نیوز)صوبائی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسن اور چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ چوہدری ظہور الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین نے رواداری کی سیاست کی ہے، پارٹی انہی بنیادوں پر آگے بڑھ رہی ہے، کارکنان پارٹی کا اثاثہ ہیں، ان کی تجاویز کی روشنی میں ترقی کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے، پارٹی کو گراس روٹ لیول پر منظم اور فعال کریں گے، ویمن ونگ پنجاب اور لاہور کو مزید مستحکم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ ہاؤس میں منعقدہ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، پارٹی کے اراکین اسمبلی،پارٹی عہدیدران اور پارٹی ورکرز کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔اجلاس سے صوبائی وزیر صنعت و تجارت اور پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس سے چوہدری شافع حسین، ڈاکٹر محمد امجد اور پارٹی کے دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔اپنے خطاب میں چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چوہدری ظہور الٰہی شہید اور چوہدری شجاعت حسین نے خدمت اور رواداری کی سیاست کو فروغ دیاہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا پارٹی عہدیداران اور کارکنان کے ساتھ مل کر تنظیمی عمل مکمل کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد پارٹی کی رکنیت سازی کا آغاز کیاجائے گا اور پارٹی کے پرانے اور نئے کارکنان کو ملا کر تنظیمیں بنائی جائیں گی۔