• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیویز کی بلند پرواز، سہ فریقی سیریز کے فائنل میں رسائی، کین ولیمسن کی فتح گر سنچری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقا کے اوپنر میتھیو بریزکے نے اپنے ڈیبیو میچ میں 150رنز بناکر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا لیکن ان کی اننگز رائیگاں گئی۔انہوں نے 148 گیندوں کا سامنا کیا، 5چھکے اور11چوکے لگائے۔ بلند پرواز کیویز نے جنوبی افریقا کوچھ وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ۔ بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقا کا میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ پیر کو قذافی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کیلئے فتح گر سنچری بنانے والے کیم ولیمسن پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ انہوں نے113گیندوں پر133ناٹ آئوٹ رنز 13چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے۔ وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں تیز ترین 7 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے۔ کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پروٹیز نے چھ وکٹ پر304رنز بنائے، نیوزی لینڈ نے ہدف8 گیندیں پہلے چار وکٹ پر پورا کرلیا، میتھیو بریزکے نے ہم وطن کھلاڑی کولن انگرام کو چھوڑ دیا۔ انگرام نے ون ڈے ڈیبیو میں 124 رنز بنائے تھے ۔ جنوبی افریقا کیلئے میتھیو بریرزکے سے قبل، کولن انگرام، ٹیمبا باووما اور ریزا ہینڈرکس یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر انضمام الحق اور عابد علی کے علاوہ انگلینڈ، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز کے دو دو جبکہ بھارت، آسٹریلیا، ہانگ کانگ، اسکاٹ لینڈ، تھائی لینڈ، زمبابوے اور افغانستان کے ایک ایک کھلاڑی کو ڈیبیو پر سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ نیوزی لینڈ کے ول ینگ 19 رنز پر آئوٹ ہوگئے تاہم ڈیون کانوے اور کین ولیمسن نے 187 رنز کی شراکت قائم کی ۔ کانوے 3 رنز سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے، وہ 97 رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ ولیم سن نے کیریئر کی 14ویں سنچری بنائی۔ جنوبی افریقا کے سینوارن متھوسوامی نے 2 ، جونیئر ڈالا اور ایتھن بوش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل میتھیو بریزکے اور کپتان ٹیمبا باووما نے ٹیم کو 37 رنز کا آغاز فراہم کیا، باووما 20، جیسن اسمتھ 41 اور کائل ویرینے ایک رن بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ برٹز 150 رنز پر میٹ ہنری کا شکار بن گئے۔ ویان ملڈر نے قیمتی 64 رنز اسکور کیے۔ جنوبی افریقی ٹیم 6 وکٹ پر 304 رنز بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری اور ول اورورکے نے 2، 2 جبکہ مائیکل بریس ویل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اسپورٹس سے مزید