• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا سے آج اہم میچ، فائنل کھیلنے کیلئے پاکستان کو فتح درکار، ٹیم میں دو تبدیلیاں

کراچی (عبدالماجدبھٹی) سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کے پاس نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد اب غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔ 

فائنل کھیلنے کیلئے لازمی فتح درکار ہے۔بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان اہم میچ کھیلا جارہا ہے۔ فاتح ٹیم جمعے کو فائنل میں نیوزی لینڈ سے مقابلہ کرے گی۔ 

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستانی ٹیم کیلئے آخری گروپ میچ اور فائنل بے حد اہم ہے۔ میچ میں پاکستان نے کامران غلام کی جگہ سعود شکیل اور ان فٹ حارث رؤف کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا ہے۔ منگل کی شب پاکستان نے میچ کے لئے گیارہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ۔ 

پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ پلیئنگ الیون میں فخر زمان ، بابر اعظم، سعود شکیل ، محمد رضوان ، سلمان آغا،طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، محمد حسنین، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔ دوسری جانب سیمی فائنل کی حیثیت حاصل کرجانے والے میچ سے قبل جنوبی افریقا کے پانچ کھلاڑیوں ہینرک کلاسن، مہاراج، کاربن بوش ، مفاکا اور ٹونی ڈی زوزی نے ٹیم کو کراچی میں جوائن کرلیا ہے۔ 

پاکستانی ٹیم میں حارث سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں تاہم پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے ان کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر عاکف جاوید کو شامل کیا گیا ہے۔ 

امکان ہے کہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقا ٹیم میں تبدیلیاں کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دسمبر میں جنوبی افریقا میں ہونے والی سیریز میں پاکستان نے تین صفر سے وائٹ واش کیا تھا۔ لیکن پاکستانی فاسٹ بولروں نے نیوزی لینڈ کے میچ میں آخری پانچ اوورز میں84رنز دے دیے۔ 

شاہین شاہ آفریدی کے دس اوورز میں88 رنز بنے۔ نسیم شاہ بھی توقعات پوری نہ کرسکے۔ پاکستان کی تمام تر امیدوں کا مرکز بابر اعظم ہیں جو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں ناکام رہے تھے اور دس رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔ 

پاکستانی ٹیم نے میچ سے ایک دن پہلے پریکٹس نہیں کی اور آرام کو ترجیح دی۔ ہینرک کلاسین کا کہنا ہے کہ اپنی کنڈیشن میں پاکستان ایک مشکل ٹیم ہے۔ ابھی توجہ ٹرائی سیریز پر ہے، ہمارے کھلاڑی کل رات یہاں پہنچے ہیں، اگلا میچ ہمارے لیے اہم ہے۔ 

اس سے پہلے بھی پاکستان آچکے ہیں، یہاں کی کنڈیشن تھوڑی مختلف ہیں، ہم کنڈیشن دیکھیں گے۔ بس پلان یہ ہے کہ وکٹ پر زیادہ وقت گزاروں۔

اسپورٹس سے مزید