کراچی (ٹی وی رپورٹ) لاہورسے حامد میر نے ʼʼکیپٹل ٹاک اسپیشلʼʼ کی میزبانی کرتے ہوئے عالمی کتب میلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتابی میلہ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہو رہا ہے اور آج ہم کتاب کے موضوع پر بات کریں گے اور یقیناًکتاب کا سیاست سے بھی گہرا تعلق ہے۔وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ ان کی پسندیدہ کتابیں ʼʼموتھ اسموکʼʼ اور ʼʼویترنگ ہائٹسʼʼ ہیں۔ انہوں نے ترکی کے وزیر تعلیم کے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترک طلبہ میں علامہ اقبال سے متعلق مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔ اقبال اکیڈمی کے اسٹال پر تحریک انصاف کے سینیٹر ولید اقبال نے علامہ اقبال پر لکھی گئی کتابوں کا ذکر کیا اور وضاحت کی کہ سوشل میڈیا پر موجود علامہ اقبال کی آڈیوز جعلی ہیں اور علامہ کی کوئی آڈیو ریکارڈ میں موجود نہیں ہے۔ ڈرامہ نگار آمنہ مفتی نے کہا کہ ʼʼآگ کا دریاʼʼ ان کی پسندیدہ کتاب ہے۔ قر العین حیدر کی ہجرت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی بڑے ذہن کو محدود کرنے کی کوشش کی جائے تو وہ اپنا راستہ خود چنتا ہے۔ بک فیئر میں ایک اسٹال پر کوڈنگ اور اے آئی متعارف کرانے پر بھی بات ہوئی جہاں بچوں کے لیے گریڈ ون سے فائیو تک کمپیوٹر لینگویج سیکھنے کے کورسز دستیاب ہیں۔