راولپنڈی(نمائندہ جنگ ) پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے نوجوانوں کو پاکستانیت کے جذبے کو اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی عوام خصوصاً نوجوانوں کا پاک فوج سے انتہائی مضبوط رشتہ ہے‘ ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام میں خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہے گی‘یہ فتنہ الخوارج کس شریعت اور دین کی بات کرتے ہیں؟ ہم کبھی بھی فتنہ الخوارج کو اپنی فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے‘ خیبرپختو نخوا‘ بلوچستان کے غیور لوگ دہشت گردوں کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں‘ہمیں اپنے مذہب ، تہذیب اور روایات پر فخر ہے۔آرمی چیف نے طلبہ کو علمی میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے اورایسی مہارتیں حاصل کرنے کی تلقین کی جو انہیں ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں۔ جنرل عاصم منیرکا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کے مستقبل کے رہنما ہیں‘ طلبہ اپنی تعلیم پرخصوصی توجہ دیں‘خود کو ملکی ترقی کے قابل بنائیں اوراپنی تعلیمی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کے لیے کوشش کریں‘طلبہ ایسی مہارتیں حاصل کریں جو انہیں ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں‘طلبہ ایسے ہنر سیکھیں جن سے وہ ملک کی ترقی میں مثبت انداز میں حصہ لے سکیں۔آرمی چیف نے پاکستان پر بیرونی اثرات‘سرحد پار دہشت گردی کے خطرات کے بارے میں بھی طلبا کو آگاہ کیا‘آرمی چیف نے نوجوانوں کے جذبے، تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا‘آرمی چیف نے ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں پاک فوج کےکردار کو بھی اجاگرکیا۔