• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سستی بجلی، IMF بات کیلئے تیار، نرخوں پر فنڈ کے نہ ماننے کا کھٹکا نہیں رہا، وزیراعظم، ایم ڈی IMF سے ملاقات

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں پر آئی ایم ایف کے نہ ماننے کا کھٹکا اب نہیں رہا‘دبئی میں ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات میں پاور سیکٹر پر بات ہوئی‘ان سے کہاکہ ترقی تب ہوگی جب پیداواری لاگت کم اوربجلی سستی ہوگی جس سے ایم ڈی آئی ایم ایف نے مثبت انداز میں اتفاق کیا اور کہا کہ آپ اپنا پلان لے کر آئیں ‘ہم بات کرنے کے لیے تیار ہیں‘پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری اور جغرافیائی سالمیت پر کبھی آنچ نہیں آنے دے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دوسری جانب ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا نے اعتراف کیا ہے کہ معیشت مستحکم ہونے کے بعد پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے‘پاکستان میں آئی ایم ایف کی حمایت یافتہ اصلاحات پر وزیراعظم کا عزم حوصلہ افزا ہے ‘ پاکستانی معیشت افراط زر میں کمی کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے‘ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام مؤثر طریقے سے نافذ کرنے پر حکومتِ پاکستان کی کوششوں کو سراہا ۔ ادھر شہباز شریف نے پائیدار ترقی کے لئے جوہری ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے جوہری توانائی کی پیداوار، صنعتی ترقی، علاج معالجہ ، زرعی، سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں عالمی توانائی ایجنسی (IAEA)کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹا لینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام اور حکومتی اصلاحات کے ذریعے حاصل ہونے والے میکرو اکنامک استحکام پر تبادلہ خیال کیا ہے جبکہ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے آئی ایم ایف کے تعاون سے چلنے والے پروگرام کوموثرطریقے سے نافذ کرنے میں حکومتِ پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت استحکام کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔بدھ کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف اور عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی گزشتہ روز ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025ءکے موقع پر دبئی میں ملاقات ہوئی‘ بات چیت میں ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ اور مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا گیاجو کہ پاکستان کے معاشی استحکام کی بحالی اور ملک میں پائیدار ترقی و مستقبل کے لئے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیر اعظم نے اصلاحات کی رفتار بالخصوص ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتر کارکردگی اور نجی شعبے کی ترقی جیسے اہم شعبوں میں پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید