اسلام آباد(جنگ نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کے صارفین کو ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بڑے ریلیف سے محروم کر دیا۔نیپرا نے بدھ کو بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کا اعلان کیا جس کے بعد دسمبرکی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 1.22 روپے سستی ہوگی۔اُدھر کے الیکٹرک کیلئے نومبرکی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی ایک روپے 23 پیسہ سستی کی گئی۔نیپرا نے کراچی کے صارفین کو ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بڑے ریلیف سے محروم کر دیا۔ نومبرکی ایڈجسٹمنٹ میں5روپےکمی بنتی تھی لیکن 1.23 روپے فی یونٹ کمی کی گئی، کے الیکٹرک صارفین کو مزید 5ارب 44 کروڑ روپےکا فائدہ منتقل نہ ہوسکا۔ممبر ٹیرف نیپر امطہر نیاز رانا کا اختلافی فیصلہ بھی سامنے آگیا۔ممبر ٹیرف نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کوپورا ریلیف نہ دینے کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ کے ای کی نومبر کی ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 98پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست تھی، کے الیکٹرک کے لیے نومبر کی اصل ایڈجسٹمنٹ 5 روپے فی یونٹ کمی بنتی ہے۔ممبر ٹیرف نیپرا نے کہا کہ نومبر کی 5 روپے کی ایڈجسٹمنٹ سے کے ای صارفین کے لیے 7ارب 21کروڑ 50لاکھ روپے فائدہ بنتاہے، پینڈنگ کاسٹ میں 5ارب 44کروڑ روپے کو ایڈجسٹمنٹ کیا جا رہا ہے، کے ای صارفین کے لیے 5 ارب 44کروڑ روپے کمی کا فائدہ نہیں روکنا چاہیے۔ مطہرنیاز رانا کا کہنا تھا کہ میری رائےمیں کے ای صارفین کو نومبر کی ایڈجسٹمنٹ کا پورا فائدہ ملنا چاہیے۔