کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں کو متنبہ کیا ہے کہ فشری کے ماہی گیروں کے مسائل حل اور عدالتی حکم کے مطابق فشریز کو آپریٹو سوسائٹی کے انتخابات فوری طور پر نہ کرائے گئے تو جماعت اسلامی ماہی گیروں کے ہمراہ بھر پور احتجاج اور ضرورت پڑی تو دھرنا بھی دے گی، ماہی گیروں کے حقوق اور مسائل کے لیے بھی ہر فورم پر آواز اُٹھائیں گے، فشری کے دورے اور ماہی گیروں اور ان کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے 6سال سے ایڈمنسٹریٹر مسلط کیا ہوا ہے اور ماہی گیروں کے حقوق غصب کئے بیٹھی ہے، ان کو جمہوری حق دینے سے گھبراتی ہے، اس موقع پر امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،پبلک ایڈ کمیٹی کے سیکریٹری نجیب ایوبی، ماہی گیروں کے نمائندے محمدیوسف،حبیب اللہ نیازیو دیگر بھی موجود تھے۔