اسلام آباد ( رانا غلام قادر )وفاقی بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اورایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سمیت متعدد افسران تبدیل ، وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے تبادلے کا تنازعہ حل کر لیا گیا شہاب علی شاہ چیف سیکریٹری پختونخوا ،ندیم اسلم چوہدری سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ تعینات ۔ وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کی خواہش کے مطابق چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا حکومت اور پا کستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ اکیس کے افسر ندیم اسلم چوہدری کا تبادلہ کر کے اُن کی جگہ بلوچستان حکومت میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 21 کے شہاب علی شاہ کو چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا حکومت تعینات کیا ہے، ندیم اسلم چوہدری کو سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ تعینات کیا گیا ، مزید برآں سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ اور فارن سروس کے گریڈ اکیس کے افسر رحیم حیات قریشی کو عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ دریں اثناء وفاقی حکومت نے مینجنگ ڈائریکٹر، یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن اور پراونشل مینجمنٹ سروس پنجاب کے گریڈ بیس کے افسر محمد علی عامر کا تبادلہ کر کے ان کی خدمات پنجاب حکومت کو واپس کی ہیں۔