کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایران کا اسلامی انقلاب 20ویں صدی کے عظیم ترین انقلابوں میں سے ایک تھا ،ایرانی عوام نے اپنے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے خلاف ان تمام ذلت آمیز بیرونی اور طاغوتی مداخلتوں اور داخلی ظلم جبر پر غلبہ پایا،ایران پاکستان دونو ںبرادر اسلامی ممالک ہیں ،ہماری سماجی ثقافتی رسم و رواج مشترک ہیں، دو نوں ممالک کو قانونی تجارتی حجم بڑھانے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ان خیالات کا اظہار سابق گورنر ملک عبدالولی کاکڑ،سابق گورنر سید ظہور آغا،صوبائی وزیر ریونیو میر عاصم کرد گیلو،پارلیمانی سیکرٹری فشریز میر برکت رند،کوئٹہ میں متعین ایران کے قائم مقام قونصل جنرل مہدی شائقی نےایرانی قونصلیٹ کی جانب سے انقلاب اسلامی ایران کی 46ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پررکن اسمبلی میر ضابط ریکی، ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران سید ابوالحسن میری،سابق رکن اسمبلی ملک نصیر شاہوانی، وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر عبدالحفیظ،امارات اسلامیہ افغانستان کے قونصل جنرل مفتی گل حسن،سمال چیمبر کے چیئرمین ولی محمدنورزئی،ایوان صنعت و تجارت کے صلاح الدین خلجی،سابق رکن قومی اسمبلی منورہ منیر،سابق سنیٹر روزی خان کاکڑ،صوبائی خطیب مولانا انوارالحق حقانی،علامہ ہاشم موسو ی سمیت سماجی قبائلی سیاسی شخصیات صحافیوں ، سرکاری افسران ،علما، وکلا،ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ، کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسڑی،انجمن تاجران کے وفود سمیت دیگر نے کثیرتعداد میں شرکت کی قبل ازیںکوئٹہ میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام قونصل جنرل سید مہدی شائقی نے کہا کہ عوامی اسلامی انقلاب کو ہمارے ملک کی تاریخ کے اہم ترین سماجی اور سیاسی ارتقائی واقعات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ انقلاب کے بعد درپیش چیلنجز کے باوجود خدا کی مدد اور قومی یکجہتی اور کوششوں سے ایران صحت، علاج، تعلیم، مواصلات ، نقل و حمل، سیکورٹی، دفاع، ایرو اسپیس، نینو ٹیکنالوجی ، بائیو ٹیکنالوجی، پرامن نیوکلیئر ٹیکنالوجی اور دیگر سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں بے شمار کامیابیاں حاصل کیں۔انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتوں کی مداخلت خطے میں تنازعات اور کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے جبکہ خطے کے تمام ممالک کی سلامتی کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔اس سلسلے میں، ہم نے اپنی اچھی ہمسائیگی کی پالیسی کو مزید گہرا بناتے ہوئے اپنے ہمسایوں کے ساتھ روابط کو وسعت دی ہےانہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، فلسطین اور دنیا کے دیگر خطوں کے مظلوم عوام کے حقوق اور روشن مستقبل کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔غزہ کو خالی اور ان پر قبضہ کرنے اور فلسطینی عوام کو انکی سرزمین سے بے گھر کرنے کی امریکی صدر کے حالیہ دعوے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔