• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان طالبان اور ٹی ٹی پی ایک ہی سکے کے دو رخ، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان مبشر ہاشمی نے اپنے پینل کے سامنے سوال رکھا کہ پاکستان کو افغانستان سے درپیش سیکیورٹی خطرات کے خلاف کیا حکمت عملی اپنانی چاہیے؟تجزیہ کار محمل سرفراز نے کہا کہ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، تجزیہ کار بینظیر شاہ کے مطابق ٹی ٹی پی صرف پاکستان نہیں بلکہ پورے خطے کے لیے خطرہ بن رہی ہے،فیصل وڑائچ کا کہنا ہے کہ پاکستان اس رپورٹ کو عالمی سطح پر لابنگ کے لئے استعمال کر سکتا ہے،ارشاد بھٹی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے شواہد ہونے کے باوجود عالمی سطح پر پاکستان کی لابنگ کمزور ہے۔ تجزیہ کار فیصل وڑائچ کے مطابق یہ رپورٹ انتہائی اہم ہے کیونکہ اسے دنیا کی سب سے بااثر باڈی میں پیش کیا گیاہے جس کی بنیاد پر کارروائی تشکیل پائے گی۔ اس رپورٹ میں نہ صرف پاکستان کے خدشات کی تصدیق ہوئی بلکہ چین کے لیے خطرہ سمجھی جانے والی ایسٹ ترکستان تحریک کو ملنے والی حمایت کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔ فیصل وڑائچ کا کہنا ہے کہ پاکستان اس رپورٹ کو عالمی سطح پر لابنگ کے لیے استعمال کر سکتا ہے مزید پابندیاں لگوا سکتا ہے اور چین کے ساتھ مل کر دباؤ بڑھا سکتا ہے۔ تجزیہ کار بینظیر شاہ کے مطابق ٹی ٹی پی صرف پاکستان نہیں بلکہ پورے خطے کے لیے خطرہ بن رہی ہے اور اس کے القاعدہ سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں سے روابط میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید