اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پوسٹل ورکرز فیڈریشن کے ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ سمیع اللہ خان سے مذاکرات میں ہائوس ریکوزیشن سمیت مختلف فنڈز کی فراہمی سمیت متعدد مسائل کے حل پر اتفاق ہو گیا ۔ مذاکرات میں یونین فنڈ کٹوتی کیلئے ہیڈ کی تشکیل پر اتفاق سمیت آؤٹ اسٹیشن الاؤنس اور ای ڈی اے ریٹس پر نظرثانی کیلئے سمری فنانس ڈویژن کو فوری بھجنے اور ایم ایس ٹی الائونس پر توہین عدالت کا موجب بننے والے اقدامات واپس لینے پر بھی اتفاق ہوا۔ تمام پوسٹل سرکلز میں فنڈ کی کمی بالخصوص ہائوس ریکوزیشن کے مکمل فنڈز فوری دینے پر اتفاق کیا گیا۔ علاوہ ازیں ای ڈی اے اور او ایس اے کے تمام بقایاجات جون سے پہلے ادا کرنے سمیت متعدد مطالبات حل کرنے کے احکامات دیئے گئے۔ مذاکرات میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشن شاہد جاوید‘ ایڈیشنل ڈی جی ایڈمن آفتاب رشید بھی موجود تھے جبکہ فیڈریشن کی نمائندگی سیکرٹری جنرل شاکر شیخ‘ پرویز اختر‘ اسد اللہ خان‘ معروف آزاد‘ وسیم عباس ستی‘ سردار شفیق اور ملک یاسر اعوان نے کی۔