• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’جو سکھاتے ہو خود بھی اس پر عمل کرو‘‘ بھارتی وزیر خارجہ کی مغرب پر تنقید

کراچی (رفیق مانگٹ) بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے میونخ سکیورٹی کانفرنس میں مغربی ممالک کے جمہوریت سے متعلق دوہرے معیارات پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا "جو سکھاتے ہو، خود بھی اس پر عمل کرو"،مغربی ممالک غیر مغربی جمہوری ماڈلز کو قبول کریں، بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں، ہمارے سفیر مغرب میں معمولی مداخلت کریں تو آپ سب شور مچا دیں گے، ہم نے 80 کروڑ لوگوں کو غذائی امداد فراہم کی ہے۔ یہ بیان وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ ملاقات کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا، جس نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی۔ جے شنکر نے بھارت کی جمہوری کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے مغربی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر مغربی جمہوری ماڈلز کو قبول کریں اور بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں۔جے شنکر نے کہا کہ مغرب جمہوریت کو اپنی خصوصیت سمجھتا ہے اور عالمی جنوب میں غیر جمہوری قوتوں کی حوصلہ افزائی کرتا رہا ہے۔انہوں نے بھارت کی جمہوریت کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے 80 کروڑ لوگوں کو غذائی امداد فراہم کی ہے، جو مغربی دعووں کے برعکس ہے کہ جمہوریت پیٹ نہیں بھرتی۔اپنی سیاہی لگی انگلی دکھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں حالیہ انتخابات میں 70 کروڑ افراد نے ووٹ دیا اور نتائج ایک ہی دن میں شمار ہوئے جو بھارت کی جمہوری طاقت کا ثبوت ہے۔انہوں نےمغرب سے مطالبہ کیا کہ اگر وہ جمہوریت کو عالمی سطح پر کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں تو غیر مغربی کامیاب ماڈلز کو قبول کریں۔

اہم خبریں سے مزید