لاہور(آصف محمود بٹ ) محکمہ خزانہ پنجاب نے مالیاتی استحکام کی جانب متعدد کامیابیاں حاصل کی ہیں جن سے مالیاتی انتظام کو موثر اور یقینی بنانے کے علاوہ پائیدار ترقی کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے۔ ان کوششوں نے صوبے کے معاشی منظر نامے کو نئی شکل دیتے ہوئے صوبے کو اصلاحات کی راہ پر گامزن کیا ہے ۔روزنامہ جنگ کو حاصل دستاویزات کے مطابق محکمہ کی حالیہ کامیابیوں میں سے ایک اہم چیز سرکلر کموڈٹی ڈیٹ کا خاتمہ ہے جو خطرناک حد تک بڑھ چکا تھا۔ جون 2022تک یہ قرض بڑھ کر 629بلین روپے تک پہنچ گیا تھا اور جو ایک اندازے کے مطابق یہ جون 2023تک 939ارب روپے اور جون 2024تک 1,151ارب روپے تک پہنچ سکتا تھا۔ مالی سال 2023-24کے لیے 200ارب روپے کا مارک اپ بھی متوقع تھا۔پنجاب حکومت نے ایک جرات مندانہ اقدام میں کموڈٹی آپریشنز کے پورے نظام کو بحال کیا، موجودہ قرض کو صاف کیا اور مزید جمع ہونے سے بچنے کے لیے اقدامات کو نافذ کیا۔ محکمہ خزانہ پنجاب نے آنے والے سالوں کے لیے ادائیگیوں کا خاکہ پیش کیا ۔محکمہ خزانہ نے پنشن کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے بھی نمٹا۔