• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل پارک کیلئے تکتو کی زمین اور پہاڑ کسی کو نہیں دینگے‘ بازئی قبائل

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بازئی قبائل کوہ تکتو ، پتاؤ ، سران تنگی کے معتبرین ملک صاحب جان کاکڑ بازئی اور سردار اشرف کاکڑ بازئی نے کہا ہے کہ بازئی قبائل نیشنل پارک کیلئے تکتو کی زمین اور پہاڑ کسی این جی او کو نہیں دیں گے ، حکومت بازئی قبائل کے اصل مالکان کو اعتماد میں لےبصورت دیگرکسی فیصلے کو تسلیم نہیں کریں گے ۔یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر حمید اللہ کاکڑ بازئی ، محمد جان کاکڑ بازئی ، باز محمد بازئی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تکتو پتاؤ کے اصل مالکان سران تنگی کے لوگ ہیں،اب ایک تنظیم علاقے میں نیشنل پارک بنانے کا دعویٰ کررہی ہے جس کو مسترد کرتے ہیں۔ قدیم اور جدی پشتی آبائو اجداد کے چشمے ، زمینیں ، محال سران تنگی ، محال سران کچھ ، محال کرنگا ، محال ڈانگو کے محلات موجود ہیں ،ان پر نیشنل پارک بنانے کے لئے ہم سے پوچھے بغیر آبائی اراضی کسی این جی اوز کو دی جارہی ہے ہم اپنی جدی پشتی آبائی اراضی کسی کو دینے کی اجازت نہیں دیں گے جو لوگ یا این جی او نیشنل پارک بنانے کے خواہشمند ہیں وہ اپنی زمینیں اس مقصد کے لئے دیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا مگر ہماری زمینوں پر سودا بازی سے گریز کیا جائے ہم اپنا علاقہ کسی این جی اوز کو دینے کیلئے تیار نہیں جو بھی اس میں ملوث ہوگا اپنے نفع نقصان کا خود ذمہ دار ہوگا ۔ ہم اپنی زمین اور چراگاہوں پر کسی کو قبضہ کرنے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بازئی قبائل کے حقیقی لوگوں کے صلاح مشورہ کے بغیر زمین کی الاٹمنٹ سے گریز کیا جائے ۔ انہوں نے گورنر ، وزیراعلیٰ ، صوبائی وزیر جنگلات ، چیف سیکرٹری ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ بازئی قبائل کے اصل مالکان کو اعتماد لیا جائے بصورت دیگر ہم ایسے کسی فیصلے کو تسلیم نہیں کریں گے ۔
کوئٹہ سے مزید