کوئٹہ(پ ر)جماعت اسلامی بلوچستان کے نائب امراء بشیراحمدماندائی،مولانامحمدایوب منصور اور حافظ نورعلی نے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں پٹواریوں کے ذریعے لینڈ مافیا کو ہزاروں ایکڑزمین الاٹ کی گئی ہے الاٹمنٹس منسوخ کرکے زمینیں غریبوں میں تقسیم کی جائیں۔بلوچستان کے عوام کے مفادات کے خلاف ریکوڈک، سیندک اور گوادر پورٹ معاہدے منسوخ کئے جائیں۔وفاقی اداروں اور محکموں میں بلوچستان کے کوٹے پرمکمل عمل درآمد کیا جائے۔ نیوی اور کوسٹ گارڈ میں 70فیصد ملازمتیں بلوچستان کے نوجوانوں کو دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت اسلام آباد سے کوئٹہ، کوئٹہ سے کراچی اور کوئٹہ سے گوادر تک موٹر ویز بنائی جائیں۔بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کو آزادانہ کام کرنے دیا جائے، ادارے اپنا آئینی کردار اداکریں، سول معاملات میں مداخلت بند کی جائے ۔بلوچستان کے عوام کو ”ووٹ“ اورا پنا حقیقی نمائندہ منتخب کرنے کا حق دیا جائے اور عوام کی رائے کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پولیس، لیویز کی تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے اور پولیس و لیویز کو بااختیار بنا کر وسائل فراہم کئے جائیں۔