کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)قلات منگچر کے قبائلی معتبرین میر محمد صدیق لانگو ، میر خیر محمد لانگو نے کہا ہے کہ حالات کا بہانہ بناکر حلقہ پی بی 36 قلات کے 7 پولنگ اسٹیشنوں پر الیکشن نہ کرانا افسوسناک امر ہے ، 3 بار الیکشن ملتوی ہونا حلقے کے لوگوں کو حق نمائندگی سے محروم رکھنے کے مترادف ہے ،اگر امن و امان کا کوئی مسئلہ ہے تو پولنگ قلات سٹی یا منگچر سٹی میں رکھ کر فوری طور پر الیکشن کا اعلان کیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر میر عبدالظاہر لانگو ، ٹکری دوست محمد لانگو ، محمد شریف مینگل ، احمد بنگلزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024ء کے انتخابات میں پی بی 36 قلات منگچر سے جمعیت علماء اسلام کے امیدوار سردارزادہ میر سعید لانگو نے 92 میں سے 85 پولنگ اسٹیشن پر مخالف امیدوار کو 2465 ووٹوں سے شکست دی جبکہ 7 پولنگ اسٹیشن پر مخالف امیدوار کی ایماء پر بیلٹ پیپرز اور بیلٹ بکس اٹھاکر لے جائے گئے جن کا 2 دن تک کچھ علم نہ ہوسکا۔85 پولنگ اسٹیشن کے فارم 45 میں سردار زادہ میر سعید لانگو واضح اکثریت سے جیت چکے تھے اور 85 پولنگ اسٹیشن کا فارم 47 بھی جاری کیا گیا لیکن دو دن بعد غائب شدہ 7 پولنگ اسٹیشن کے بیلٹ پیپر اور بیلٹ بکس آر او کے دفتر میں نمودار ہوئے جن میں مخالف امیدوار کیلئے مبینہ طور پر 6000 بوگس ووٹ ڈالے گئے جس کے خلاف سردار زادہ میر سعید لانگو نے الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کی جس پر ان کے حق میں فیصلہ آیا ، الیکشن کمیشن نے 23 ستمبر 2024ء ، یکم دسمبر 2024پھر 9 فروری 2025ء کو الیکشن کمیشن نے الیکشن کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا مگر اب تک انتخابات نہیں کرائے گئے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حلقے میں فوری شفاف انتخابات کو یقینی بنایا اور آر او اور ڈی آر او کا فوری تبادلہ کرکے غیرجانبدار آفیسران کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔