کراچی (عبدالماجدبھٹی) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے میں ایک دن باقی رہ گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے عالمی فیسٹول کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے، شہر قائد میں عالمی کرکٹ ستاروں کی کہکشاں اتری چکی ہے، کرکٹ لورز کی دھڑکنیں تیز ہورہی ہیں، شہر جگہ جگہ خیر مقدمی بینرز اور ہورڈنگز سے سج چکا ہے۔ اسٹیڈیم کے اطراف صفائی کاکام جاری ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم چیمپئنز ٹرافی کے رنگ میں رنگ گیا اور ہرجانب آئی سی سی نے برانڈنگ کرتے ہوئے ہورڈنگز آویزاں کیے ہیں، اسٹیڈیم خوبصورت منظر پیش کررہا ہے۔ ٹورنامنٹ کیلئے آٹھ میں سے چار ٹیمیں پاکستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور افغانستان جبکہ کئی غیر ملکی مہمان بھی بدھ کے افتتاحی میچ کیلئے کراچی میں موجود ہیں، کچھ کی آمد اگلے دو دن میں متوقع ہے۔ کئی ہوٹلوں میں غیر ملکی مہمان مقیم ہیں۔ شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، جگہ جگہ رینجرز اور پولیس موبائل موجود ہیں۔ شائقین میچ کیلئے پر جوش لیکن یہ بھی شکوہ کررہے ہیں کہ پاکستان نیوزی لینڈ میچ کے ٹکٹ ناپید ہوگئے ہیں۔ ادھر نیشنل اسٹیڈیم کے میڈیا فلور کی دیواروں پر پاکستان کرکٹ کے ہیروز کی آویزاں کی گئی تصاویر تمام تر توجہ کا مرکز ہے۔ 2017کی چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز احمدکی تصاویر کو نمایاں اہمیت حاصل ہے۔ پی سی بی نے تمام چاروں کراچی، پنڈی،لاہور اور دبئی میں اس طرح کی والز بنائی ہیں ۔ کراچی کی وال پر پاکستان کی انڈر 19 ورلڈ کپ فتوحات ، چیمپئنز ٹرافی کامیابی ، نیشنل اسٹیڈیم پر پہلی سنچری بنانے والے خالد عباد اللہ ، کراچی میں ڈبل سنچری میکر خاتون کرکٹر کرن بلوچ اور ویمن ٹیم کی ایشین گیمز میں فتح ، یونس خان کی سری لنکا کے خلاف پہلی ٹرپل سنچری، 2004 میں خالد لطیف کی قیادت میں انڈر 19 ورلڈ کپ ، سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی 2017، انڈر 19 ورلڈ کپ 2006 کی یادگار تصاویر بھی وال کی زینت ہیں۔ محمد رضوان بابر اعظم کی تصاویر ، 2005میں بنگلور میں بھارت کے خلاف پاکستان کی یادگار کامیابی کی جھلکیاں، فاسٹ بولر محمد سمیع کا بھارت کے خلاف شاندار اسپیل ، راشد لطیف ، ٹیسٹ کپتان شان مسعود، سلیم ملک، اقبال قاسم، معین خان کی تصاویر، ملتان میں سابق کپتان انضمام الحق کی بنگلہ دیش کے خلاف یادگار فتح گر سنچری کی تصاویر بھی تاریخی فتح کی داستان کی یاد دلاتی ہے۔