حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)بھٹائی نگر تھانے کی حدود میں معروف ادیب وشاعر ڈاکٹر آکاش انصاری کی پراسرارہلاکت ‘قتل کی واردات نکلی‘ لے پالک بیٹے نے چھریوں کے وارکرکے قتل کیا‘ بعدازاں لاش اور گھر کو آگ لگاکر واردات کو حادثہ ثابت کرنے کی کوشش کی ‘ پولیس نے آلہ قتل چھری اور آگ لگانے کے لئے استعمال کی گئی مٹی کے تیل کی بوتل برآمد کرلی تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی نے پیر کو ایس ایس پی آفس میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کہاہے کہ آکاش انصاری کو ان کے لے پالک بیٹے وشال لطیف انصاری نے قتل کیاہے ‘واردات میں کسی دوسرے شخص کے ملوث ہونے کاابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں ۔ایس پی ہیڈکوارٹر مسعوداقبال‘ ڈی ایس پی سی آئی اے افتخار احمد اور ایس ایچ او بھٹائی نگر غلام اصغر تینو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ آکاش انصاری کے لے پالک بیٹے نے رات گئے والد کو چھریوں کے مہلک وار کرکے قتل کیاتھا جس کے بعد وہ گھر سے نکل گیا تھا۔