کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں امراض تنفس میں خطرناک حد تک اضافہ ، ماہرین کا شہریوں کو فیس ماسک کے استعمال کا مشورہ ،محکمہ صحت سندھ کی انفلوئنزا کے خلاف ویکسینیشن کی تجویز۔تفصیل کے مطابق ،محکمہ صحت سندھ نے گزشتہ روز انکشاف کیا کہ کراچی میں سانس کی بیماریوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال 13فروری تک سانس کی مختلف بیماریوں کے 248 کیسز رپورٹ ہوئے، سب سے زیادہ کیسز انفلوئنزا ایچ ون این ون کے تھے، جو اسپتالوں میں رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ نجی اسپتالوں میں 99 کیسز اور ڈا ؤیونیورسٹی اسپتال میں 20 کیسز سامنے آئے، اس کے علاوہ انفلوئنزا اے اور بی کے مجموعی طور پر 95کیسز کی تصدیق ہوئی۔مزید برآں، کورونا وائرس کے 8 کیسز، رائنو وائرس کے 15 کیسز، اور آر ایس وی (Respiratory Syncytial Virus) کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انفلوئنزا وائرس سے بچنے کے لیے فیس ماسک کا استعمال کریں اور اپنے ہاتھ دھوئیں کیونکہ یہ متاثرہ شخص سے دوسروں میں آسانی سے منتقل ہوتا ہے۔متاثرہ افراد کم از کم 24 گھنٹے گھر رہیں اور دوسروں کے ساتھ رابطے کو محدود کریں جبکہ سفر کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔محکمہ صحت سندھ نے بھی انفلوئنزا کے خلاف ویکسینیشن کی تجویز دی ہے اور اسے تحفظ کے لیے سب سے اہم اقدام قرار دیا ہے۔